منڈگوڈ29؍اگست (ایس او نیوز) منڈگوڈ پٹن پنچایت انتخابات کے پس منظر میں منعقدہ پارٹی میٹنگ کے دوران بی جے پی کے اراکین آپس میں لڑ پڑنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
کہا جاتا ہے کہ 31اگست کو19وارڈس میں ہونے والے پٹن پنچایت انتخابات میں بی جے پی کے امیدواروں اور لیڈروں کی میٹنگ مرکزی وزیر اننت کمار ہیگڈے کی صدارت میں منعقد کی گئی تھی۔اننت کمار نے حاضرین کو مرکزی سرکار کے منصوبوں اور ترقیاتی کاموں کی تفصیلات بتاتے ہوئے بی جے پی امیدواروں کی جیت یقینی بنانے کو کہا۔ اس موقع پر اسٹیج پر موجود بی جے پی مہیلا مورچہ کی صدر سمن نے اننت کمار ہیگڈے سے شکایت کی کہ میں اور میرے شوہر گزشتہ بیس برسوں سے بی جے پی کے لئے کام کررہے ہیں۔ ہمیں پٹن پنچایت الیکشن لڑنے کے لئے ٹکٹ نہیں دیا گیا ۔ لگتا ہے کہ پارٹی میں ہماری کوئی قدر و قیمت ہی نہیں ہے۔ تین چار لوگ بیٹھ کر جو بھی فیصلہ کرتے ہیں وہی آخری فیصلہ ہوجاتا ہے۔جبکہ دوسری طرف میاں اور بیوی دونوں کو ایک ساتھ ٹکٹ دی جارہی ہے۔
سمن کے اس بیان پر مداخلت کرتے ہوئے پٹن پنچایت کے سابق صدر پھنی راج ہیدلگی نے کہا کہ آپ ’میاں بیوی‘ کا نام کیوں لے رہی ہو۔ اس وارڈ میں کوئی اور دوسرا امیدوار دستیاب نہیں تھا اس لئے وہاں بیوی کو میدان میں اتارا ہے۔ آپ خواہ مخواہ کی باتیں مت کرو۔اسی کے ساتھ دونوں کے بیچ تکرار شروع ہوگئی۔اس دوران اننت کمار اور تعلقہ صدر نے آپس میں الجھنے والوں کو سمجھانے اور خاموش کرنے کی کوشش کی، مگر وہ کامیاب نہیں ہوسکے تو اننت کمار میٹنگ چھوڑ کر وہاں سے روانہ ہوگئے۔